سولر ایکسپو 2026: نجی شعبہ پاکستان میں توانائی انقلاب کا محرک بن گیا، مصدق ملک

سولر ایکسپو 2026: نجی شعبہ پاکستان میں توانائی انقلاب کا محرک بن گیا، مصدق ملک

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری تین روزہ سولر اینڈ اسٹوریج ایکسپو 2026 کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سولر ایسوسی ایشن نے شاندار نمائش کا انعقاد کیا ہے، جہاں دنیا کی معروف کمپنیاں اپنی جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی نے ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ کاپر کی پیداوار کے حوالے سے پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے، جو ملک کے لیے ایک اہم معاشی موقع ثابت ہو سکتا ہے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ ملک میں سولر انڈسٹری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان بھر میں سولر توانائی کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید بیٹری ٹیکنالوجی کی بدولت اب 24 گھنٹے سولر توانائی سے استفادہ ممکن ہو گیا ہے، جس کے باعث بجلی کی بندش کے دوران بھی گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھی جا سکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ صنعتی شعبے میں بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا، جس سے فیکٹریوں سے دھوئیں کے اخراج میں بتدریج کمی آئے گی اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔