بھارت: ضمانت پر رہا ملزم نے بیوی اور دو بچوں سمیت 6 افراد کو قتل کر دیا

بھارت: ضمانت پر رہا ملزم نے بیوی اور دو بچوں سمیت 6 افراد کو قتل کر دیا

بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی، دو کم سن بیٹوں سمیت 6 افراد کو قتل کر دیا، جبکہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 35 سالہ راج کمار نے پہلے اپنی 30 سالہ اہلیہ پاروتی سرتھا اور ایک اور چار سالہ دو بیٹوں کو قتل کیا۔ بعد ازاں اس نے مبینہ طور پر 17 سالہ اس لڑکی کو بھی نشانہ بنایا، جس نے 16 مئی کو اس کے خلاف جنسی ہراسانی اور تعاقب کی شکایت درج کروائی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم لڑکی کو گاڑی میں ایک ویران مقام پر لے گیا، جہاں اسے قتل کر دیا۔ بعد ازاں اس نے مبینہ طور پر لڑکی کی 45 سالہ والدہ اور 65 سالہ نانی کو بھی قتل کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت لڑکی کی 20 سالہ معذور بہن بھی گھر میں موجود تھی، تاہم ملزم نے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واردات کے بعد راج کمار نے اپنے والد کو فون کر کے متعدد افراد کے قتل کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ خودکشی کرنے جا رہا ہے، جس کے بعد اس نے اپنا موبائل فون بند کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزم تاحال مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق راج کمار اور پاروتی سرتھا نے 2018 میں پسند کی شادی کی تھی۔ ان کے تین بچے تھے، جن میں سے پہلی بیٹی کم عمری میں انتقال کر گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ راج کمار کے خلاف مئی میں کم عمر لڑکی کا تعاقب کرنے اور اسے مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش رہا اور بعد ازاں عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی تھی۔ تقریباً ایک ہفتہ قبل اسے 20 ہزار بھارتی روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت ملی تھی۔ملزم کے اہلِ خانہ کے مطابق راج کمار کو جوا کھیلنے کی عادت تھی اور اس کی ذہنی حالت بھی غیر مستحکم تھی، تاہم پولیس ان تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔