فنڈز کی قلت :مڈل کے بورڈ امتحانات خطرے میں پڑ گئے

1 ماہ سے بھی کم وقت باقی ،امتحانات 4مضامین تک محدود کرنے پر غور 
پیکٹا نے حکومت پنجاب سے سپلیمنٹری گرانٹ کی درخواست کر دی
لاہور(کرائم رپورٹر)فنڈز کی کمی کے باعث پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات خطرے میں پڑ گئے ،امتحانات میں 1 ماہ سے بھی کم وقت باقی ،تاحال گرانٹ جاری نہ ہو سکی ،پیکٹا نے حکومت پنجاب سے سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی باضابطہ درخواست کر دی ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب ایگزامینیشن کمیشن(پیکٹا)کوامتحانات کے انعقاد کیلئے درکار فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات 2 مارچ سے متوقع ہیں جس پر پیکٹا نے امتحانات کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کو ارسال کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مکمل امتحانی نظام کیلئے 80 کروڑ روپے سے زائد فنڈز درکار ہوں گے،فنڈز کی کمی کی صورت میں آٹھویں جماعت کے امتحانات صرف چار مضامین اردو، انگریزی، ریاضی اور سائنس تک محدود کئے جانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق امتحانات کے انعقاد کیلئے پچاس ہزار سے زائد نگران عملہ درکار ہوگااورعملے کو یومیہ 4 ہزار روپے معاوضہ دینے کی تجویز زیر غور ہے، فنڈز نہ ملنے پرامتحانی شیڈول متاثر ہو سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت کے امتحانات کیلئے طلبہ سے کوئی داخلہ فارم جمع نہیں کروایا جائے گا، سکول انفارمیشن سسٹم پر رجسٹرڈ تمام طلبا امتحان دینے کے پابند ہوں گے، پنجاب میں رجسٹرڈ طلبہ 10 لاکھ سے زائد ہیں، فنڈز کی قلت پر امتحانات کے انعقاد پر سوالیہ نشان برقرار ہے۔