ارکان قومی اسمبلی کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی ہدایت

 ہمارے بہت سے ایم این ایز قبائلی اضلاع سے ہیں ‘ انہیں حقیقی تھریٹ ہیں:طارق فضل چودھری
قائمہ کمیٹی    ہدایات دیتی  ہے کم از کم ایم این ایز کو اسلحہ لائسنس دئیے جائیں:چیئرمین  راجہ خرم نواز 
اسلام آباد(آئی این پی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ممبران اسمبلی کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدارت ہوا جس میں حکام وزارت داخلہ کی جانب سے حکام کو بریفنگ دی گئی۔ممبر کمیٹی طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا ہمارے بہت سے ایم این ایز قبائلی اضلاع سے ہیں اور انہیں حقیقی تھریٹ ہیں، ان کے لیے اسلحہ لائسنس دینے سے متعلق اقدامات کیے جائیں۔چیئرمین کمیٹی راجہ خرم نواز کا کہنا تھا کم ازکم ایم این ایز کو تو قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے جبکہ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا ٹیکس پیئرز اور بزنس کمیونٹی ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا جو بندہ اربوں روپے ٹیکس دے رہا ہے اسے آپ اتنی بھی سہولت نہیں دے سکتے؟ جبکہ خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا بہت سے ایم این ایز کا تعلق کراچی سے ہے ان کے بھی لائسنس ایکسپائر ہو گئے ہیں۔