یورپ کے رہنما کمزور ، وہ صرف باتیں کرتے ہیں، حاصل کچھ نہیں ہوتا
امریکہ سکیورٹی کی ضمانت دے تو انتخابات 90 دنوں میں کرائے جا سکتے ہیں،یوکرینی صدر
واشنگٹن ،کیف (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو انتخابات کرا نے کا مشورہ دیدیتے ہوئے یوکرین کیلئے امریکی حمایت کم کر نے کا عندیہ دیدیا ہے ۔ٹرمپ نے یورپی رہنمائو ں کو کمزور قرار دیا اور کہا کہ وہ صرف باتیں کرتے ہیں، حاصل کچھ نہیں ہوتا اور جنگ چلے جا رہی ہے،دوسری جانب یوکرین کے صدر نے مشروط آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سکیورٹی کی ضمانت دے تو انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔امریکی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرینی عوام کو انتخاب کا حق حاصل ہونا چاہیے۔انہوں نے دعوی کیاکہ یوکرین جنگ کو انتخابات نہ کرانے کے لئے استعمال کر رہا ہے، تنازع میں روس کو یوکرین پر برتری حاصل ہے، یوکرین اپنا بہت سا حصہ کھو چکا ہے۔صدر ٹرمپ کاکہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر زیلنسکی ایک دوسرے سے سخت نفرت کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ جنگ بندی کے لیے یورپی ممالک بہتر کردار ادا نہیں کر رہے اس لیے روس اور یوکرین میں امن معاہدہ کرنا بہت مشکل ہے