اپوزیشن اتحاد کا 20 اور 21 دسمبر کو اسلام آباد میں قومی کانفرنس بلانے کافیصلہ

 خیبرپختونخوا میں کسی  غیر آئینی اقدام کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی،حکومت مذاکرات سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرے
 افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت فوری بحال ، تمام تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جائے: محمود اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس
اسلام آباد(آئی این پی )تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 20 اور 21 دسمبر کو اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی   غیر آئینی اقدام کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی، حکومت مذاکرات سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرے،   بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں  ۔جاری اعلامیہ کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ملک کی سیاسی، آئینی اور پارلیمانی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔  اجلاس میں علامہ راجہ ناصر، اسد قیصر، مصطفی نواز کھوکھر سمیت دیگر رہنمائوں  نے شرکت کی۔اجلاس میں اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں پر مبینہ ریاستی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت مذاکرات سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرے، عمران خان کے سیاسی رفقا اور اہلِ خانہ سے ملاقاتیں فوری بحال کی جائیں۔ عمران خان کے زیر التوا مقدمات کی میرٹ پر فوری سماعت شروع کی جائے۔