چین ہمیشہ مشکل ترین حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے:وزیر مملکت رشید احمد خان
چین پاکستان کی ترقی، دفاع اور ہر شعبے میں ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہے گا:چینی قونصل جنرل
لاہور ( سپیشل رپورٹر )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے حلقہ کھڈیاں خاص، ضلع قصور میں چینی قونصل جنرل زاؤ شیریں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں اور معاشی سمت درست کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے ثمرات آج پوری قوم کے سامنے واضح ہیں۔ پاکستان کو ڈیفالٹ ہوتا دیکھنے والے عناصر مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور ایسے لوگوں کے ساتھ پیش آنے والے حالات پوری قوم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہم نے کھلی آنکھوں سے فساد، جلاؤ گھیراؤ اور پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کی منظم سازشیں دیکھیں، مگر آج ملک ایسے ذمہ دار قیادت کے ہاتھ میں ہے جو پاکستان کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہی ہے۔۔ وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چین اور پاکستان کی دوستی سات دہائیوں پر محیط ہے، یہ رشتہ ہمالیہ سے بلند اور دیوارِ چین کی طرح مضبوط ہے۔ چین ہمیشہ مشکل ترین حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور پاکستان کی ترقی، دفاع اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔۔چینی قونصل جنرل زاؤ شیریں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں قصور کے تاریخی شہر کا دورہ کر کے بے حد مسرت ہوئی ہے اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی مہمان نوازی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے پاک‘چینی دوستی کے جھنڈے بلند کر کے اس ابدی رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ چین اور پاکستان کے فوجی تعلقات نہایت مضبوط ہیں، اور چین پاکستان کی ترقی، دفاع اور ہر شعبے میں ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہے گا