سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور اہلیہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، پولیس میں شکایت درج

سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور اہلیہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، پولیس میں شکایت درج

سابق بھارتی کپتان اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر سارو گنگولی نے مبینہ دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد پولیس سے رجوع کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق، ایک خط میں گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، گنگولی کے دفتر کو گزشتہ کئی ماہ سے ایسے خطوط موصول ہو رہے تھے، جنہیں ابتدائی طور پر سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔حالیہ خطوط میں گنگولی اور ان کی اہلیہ کے علاوہ ان کے قریبی افراد کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ پولیس نے شکایت درج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطوط تقریباً چھ ماہ سے موصول ہو رہے تھے اور ان کے ترسیلی ذرائع اور کورئیر ریکارڈ کا جائزہ لے رہی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق، خطوط شمالی 24 پرگنہ کے بیلگھریا علاقے سے کورئیر کے ذریعے بھیجے گئے ہیں۔ پولیس ایک مشتبہ موبائل نمبر اور سم کارڈ کی نقل و حرکت بھی ٹریس کرنے میں مصروف ہے تاکہ ملزم تک پہنچا جا سکے۔واقعہ کی شدت کے پیش نظر، تحقیقات جاری ہیں اور تمام متعلقہ ذرائع سے معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔