کراچی کی موجودہ حالت دیکھ کر دل پریشان ہوتا ہے:شاہد آفریدی

کراچی کی موجودہ حالت دیکھ کر دل پریشان ہوتا ہے:شاہد آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی کی حالت کو دیکھ کر شرمندگی کا اظہار کیا ہے اور اسے ایک مشکل فیصلہ قرار دیا ہے کہ انہوں نے کراچی چھوڑ کر اسلام آباد منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے، شاہد آفریدی نے کراچی کو بہت اچھے لوگوں کا شہر قرار دیا اور کہا کہ یہاں انہوں نے بہت اچھا وقت گزارا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد انفرااسٹرکچر اور آب و ہوا کے لحاظ سے بہت بہتر ہے، لیکن کراچی کی یادیں اور لوگ ہمیشہ انہیں یاد آتے ہیں۔انہوں نے کراچی کی موجودہ حالت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کے کاروبار اور روزگار فراہم کرنے والے شہر کی حالت دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی کراچی کو ’پیرس‘ یا دیگر ممتاز شہروں سے تشبیہ دیتا ہے تو سن کر ہنسی آتی ہے، کیونکہ شہر کی حالت میں بہتری کی ضرورت ہے۔

شاہد آفریدی نے کراچی کی سڑکوں، خصوصاً شاہراہِ بھٹو کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ یہ اچھی بنی ہے، لیکن شہر کو مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ایک منصوبہ عوام کو تسلی نہیں دے سکتا اور بہت سی اصلاحات کی ضرورت ہے۔سیاست میں آنے کے حوالے سے سوال پر، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلے ان کا ارادہ تھا، مگر 2019 میں ان کا ذہن بدل گیا اور اب وہ سیاست کرنا ان کا کام نہیں سمجھتے۔