پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا شیڈول جاری، متعدد قومی کرکٹرز میدان میں نظر آئیں گے

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا شیڈول جاری، متعدد قومی کرکٹرز میدان میں نظر آئیں گے

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے شیڈول اور ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا، ٹورنامنٹ کا آغاز 12 ستمبر سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ایونٹ میں 8 ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ ٹورنامنٹ کے میچز پشاور، ایبٹ آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز عمران خان اسٹیڈیم پشاور، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم، ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد اور شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوں گے۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 7 راؤنڈز کھیلے جائیں گے اور ہر راؤنڈ میں 4 فرسٹ کلاس میچز ہوں گے۔ ایونٹ میں 28 چار روزہ جبکہ ایک پانچ روزہ فرسٹ کلاس میچ کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان 24 سے 28 اکتوبر تک ہوگا۔پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں غنی گلاس، کے آر ایل، کنگزمین اکیڈمی، ایم آئی ٹی سلیوشنز، او جی ڈی سی ایل، پی ٹی وی، ایس بی پی اور ایس این جی پی ایل کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹورنامنٹ میں کئی قومی کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور افتخار احمد کے آر ایل کی نمائندگی کریں گے، جبکہ صائم ایوب، سعود شکیل، محمد حریرا اور مہران ممتاز کنگزمین اکیڈمی کی جانب سے کھیلیں گے۔اسی طرح امام الحق او جی ڈی سی ایل، حارث رؤف پی ٹی وی، حسن علی اور محمد عباس ایس بی پی جبکہ شان مسعود، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق ایس این جی پی ایل کی نمائندگی کریں گے۔