پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گندم بحران پر پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں اور وفاقی حکومت عملی اقدامات کرے تو "ایکشن ان ایڈ آف سول پاور" کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنوں اور جنوبی اضلاع میں موجود مسائل کے پیش نظر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی ضرورت ہوگی اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں فورسز کارروائی کریں گی۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ سیلابی صورتحال پر پنجاب حکومت کو مدد کی پیشکش کی گئی ہے، کیونکہ کے پی میں ہزاروں لوگ متاثر ہوئے، جبکہ وفاقی حکومت نے صرف نیک تمنائیں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام کو ضرورت ہو تو خیبرپختونخوا حکومت آگے ہو گی۔بیرسٹر سیف نے افغان مہاجرین کی سہولتوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں زلزلے کے بعد ان پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔