قتل اور اقدام قتل کے واقعات میں اضافہ، ماڈل ٹائون ڈویژن سب سے آگے رہا
ڈکیتی مزاحمت پر چھ ہلاکتیں، کینٹ ڈویژن اقدام قتل مقدمات میں سرفہرست رہا
لاہور(کرائم رپورٹر ) صوبائی دارالحکومت میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی وارداتیں بدستور جاری ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 227 افراد کو قتل کیا گیا۔اعدادوشمار کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے 6 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 4 وارداتوں کے ساتھ صدر ڈویژن سرفہرست رہا۔ شہر میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران 2 شہری ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔قتل کے مقدمات میں ماڈل ٹائون ڈویژن 52 وارداتوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، صدر ڈویژن 47 مقدمات کے ساتھ دوسرے اور کینٹ ڈویژن 44 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر آیا۔ سٹی ڈویژن میں 37، اقبال ٹائون ڈویژن میں 25 جبکہ سول لائنز ڈویژن میں 22 مقدمات درج ہوئے۔اقدام قتل کی وارداتوں میں کینٹ ڈویژن 131 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہا۔ ماڈل ٹائون ڈویژن 90 مقدمات کے ساتھ دوسرے جبکہ سٹی ڈویژن 82 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ اس کے علاوہ صدر ڈویژن میں 79، اقبال ٹائون ڈویژن میں 48 اور سول لائنز ڈویژن میں 30 مقدمات درج ہوئے۔