پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث صفت کوافغانستان میں ہیروکمانڈرکا لقب دیا گیا
کابل(آئی این پی )پاک فوج کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے خارجی دہشتگرد کی افغانستان میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق افغانستان سے پاکستان میں جاری سرحد پار دہشتگردی کا ایک اور واضح ثبوت سامنے آگیا۔ افغان طالبان رجیم پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک میں دہشتگردوں کی مکمل سرپرستی اور پشت پناہی کررہی ہے۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے ہاتھوں ہلاک خارجی افغان دہشت گرد صفت اللہ کی افغانستان میں تعزیتی تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ پاکستان میں دہشتگردی کے مکروہ عمل میں ملوث خارجی دہشتگرد کوافغانستان میں ہیروکمانڈرکا لقب بھی دیا گیا۔افغان میڈیا کے مطابق ہلاک خارجی افغان دہشتگرد کی تعزیتی تقریب میں فتنہ الخوارج کے جھنڈے والے پوسٹرزآویزاں کئے گئے ہیں۔افغانستان میں ان دہشتگردوں کی تعزیتی تقریبات اورفتنہ الخوارج کے جھنڈوں کی نمائش افغان طالبان اور فتنہ الخوراج کے گٹھ جوڑ کاواضح ثبوت ہے۔