علیمہ خان، جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن ہیں، کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ عدالت نے منسوخ کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کر لی۔
علیمہ خان کو 26 نومبر کے احتجاج کے کیس میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا، جس پر انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ کے روبرو ہوئی، جہاں علیمہ خان نے خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کیا۔ عدالت نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔عدالت نے ایس ایچ او صادق آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 مئی کو ریکارڈ طلب کر لیا اور علیمہ خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔ اس کے علاوہ، عدالت نے علیمہ خان کو ایک لاکھ روپے مالیت کا ضمانتی مچلکہ جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔دریں اثنا، علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی عمران خان سے ملاقات کی درخواست دائر کی، جس میں ان کا مؤقف تھا کہ ہنگامی حالات ہیں اور جیل میں بھائی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔