ون ایپ سے وارڈنز فوری کارروائیاں اور ڈیجیٹل چالان جاری کر سکیں گے
لاہور (کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے لاہورمیں افسروں اور وارڈنز کیلئے ون ایپ متعارف کرا دی۔ ذرائع کے مطابق تمام سرکل افسروں کو ون ایپ کیساتھ آئی پیڈ فراہم کردیئے گئے جس سے وہ مختلف آپریشنز کو ایک ہی کلک پر انجام دے سکیں گے۔ سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس ون ایپ متعدد محکموں کے ڈیٹا سے منسلک ہے جسکے ذریعے وارڈنز فوری کارروائیاں اور ڈیجیٹل چالان کر سکیں گے۔ اس سسٹم کے تحت ٹریفک کی ہر خلاف ورزی باقاعدہ ریکارڈ کا حصہ بنے گی جو ضرورت پڑنے پر ثبوت کے طور پر پیش کی جا سکے گی۔ون ایپ کے ذریعے ٹریفک افسر موقع پر شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، چوری شدہ گاڑیوں، گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری تصدیق کر سکیں گے۔ تجاوزات اور ماحولیاتی خلاف ورزیو ں پر بھی فوری کارروائیاں ممکن ہونگی۔انٹیگریٹڈ سسٹم کے ذریعے ای چالان، ایف آئی آر کا سٹیٹس اور ڈرائیور کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔ جدید ون ایپ کیساتھ نئی الیکٹرک گاڑی نے مین بلیوارڈ گلبرگ سے ڈیوٹی کا آغاز کر دیا ہے۔