پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے:بیرسٹرگوہر

راولپنڈی (آئی این پی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا  ہے کہ سنا ہے بجٹ اجلاس 12 جون کو ہوگا، سمری بھیجی گئی ہے، پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم بجٹ اجلاس میں ہوں نہ ہوں وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے، لوگ یوٹیلیٹی بلز اور پیٹرول کے پیسے ادا نہیں کر پا رہے،وزیراعلیٰ کے پی کی پچھلی مرتبہ بھی بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، سہیل آفریدی بجٹ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ کریں گے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  کوشش ہے بجٹ سے قبل وزیراعلیٰ کی بانی سے ملاقات ہوجائے، جب سے سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بنے آج تک ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا  کہ  گلگت بلتستان میں ہمارے 22 امیدوار میدان میں تھے، پوری جمع تفریق کے بعد ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں، 2 نشستیں دے کر ہماری 13 کو کسی اور کو دیں گے تو اسے نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس کو مینڈیٹ دیا ہے حق حکمرانی اسی کے پاس ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے خلاف ہمارا بیانیہ واضح ہے، میندیٹ چوری کرنے والوں کے ساتھ گلگت میں کیوں حکومت بنائیں گے۔