لاہور: ظفر علی روڈ پر درخت گرنے سے راہگیر جاں بحق

لاہور: ظفر علی روڈ پر درخت گرنے سے راہگیر جاں بحق

لاہور کے علاقے ظفر علی روڈ کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک درخت اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں راہگیر اس کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور درخت کے نیچے دبے شخص کو نکال کر میو اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق درخت اچانک گرا، اور بدقسمتی سے اس وقت حارث وہاں سے گزر رہا تھا۔ اسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حارث اسپتال لائے جانے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر واقعے کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ متعلقہ بلدیاتی اداروں سے درخت کے گرنے کی وجہ جاننے کے لیے رپورٹ طلب کی جا رہی ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرانے اور کمزور درختوں کا فوری جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔