4لاکھ سے زائد بچے پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم

 ویکسین سے محروم بچوں کو فوکس کر کے آئندہ مہم کو مزید مئوثر بنایا جائیگا:حکام 
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب بھر میں حالیہ پولیو مہم کے دوران مقررہ اہداف کے باوجود چار لاکھ سے زائد بچے حفاظتی قطروں سے محروم رہ گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ایک کروڑ 78 لاکھ تھا تاہم ایک کروڑ 74 لاکھ بچوں کو ہی قطرے پلائے جا سکے۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں 18 ہزار بچے حفاظتی قطروں سے محروم رہے۔ قطرے پلانے کا ہدف 16 لاکھ 50 ہزار سے زائد تھا، 16 لاکھ 32 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں پولیو ویکسین کی کوریج کا تناسب 99 فیصد رہا۔اوکاڑہ، سرگودھا اور راولپنڈی میں قطرے پلانے کا تناسب 98 فیصد رہا، دیگر اضلاع میں بھی بہتر کارکردگی رہی۔ حکام کے مطابق ویکسین سے محروم رہ جانیوالے بچوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے جن پر فوکس کر کے آئندہ مہم کو مزید مئوثر بنایا جائیگا، تاکہ صوبے کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔