عمر ایوب مذاکرات کی پیشکش مسترد

یہ باب بند ہوچکا، حکومت کے ارادے ٹھیک ہیں اور نہ ہی نیت:عمرایوب،سپیکر نے مذاکرات کی دعوت نہیں دی:ترجمان قومی اسمبلی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے سپیکر قومی اسمبلی کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے سپیکر سردار ایاز صادق کی دعوت کا جواب دے دیا۔رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ مذاکرات کا باب بند ہوگیا، اب ہم مذاکرات نہیں کرینگے، حکومت کے ارادے ٹھیک ہیں اور نہ ہی نیت۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات خواہشات پر نہیں، مستحکم ارادوں سے ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی آفر کی تھی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی بھی مذاکرات کیلئے دروازے بند نہیں کئے، مذاکراتی کمیٹی تحلیل نہیں ہوئی۔سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ جیل کے اندر سے پہلے منظوری آ جائے پھر ہمارے پاس بھی آ جائیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سخت آدمی ہیں۔ادھرترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ سپیکر نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی، سپیکر نے یہ کہا تھا کہ ان کے دروازے ہر کسی کیلئے کھلے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حکومت یا اپوزیشن کی درخواست پر مذاکرات کی دعوت دی جائے گی، سپیکر کا کردار بھی یہی ہے اور انہوں نے پوزیشن کلیئر کی تھی۔