سعودی عرب میں تین روز سے جاری بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، جدہ کے شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش الجوہرہ اسٹیڈیم کے علاقے میں 135 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ البساتین میں 81 ملی میٹر اور شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 51 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔جنوبی صحرائی علاقے حائل میں ژالہ باری کے سبب ریت کے ٹیلے برف کی سفید چادریں اوڑھ گئے ہیں، جس سے منظر دیدنی بن گیا ہے۔ اس برفباری نے سیاحوں کی توجہ بھی اپنی طرف کھینچ لی ہے، اور کئی مقامی افراد تبوک کے سیاحتی مقامات کی طرف رخ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب مدینہ منورہ اور اس کے گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جو لوگوں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ یہ بارش اور برفباری مقامی لوگوں کے ساتھ سیاحوں کے لیے بھی ایک خاص تجربہ ثابت ہو رہی ہے، اور ماحول خوبصورت اور دلکش نظر آ رہا ہے۔