جامعہ کراچی میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ، مشعال ملک، نے اہم خطاب کیا۔
مشعال ملک نے کشمیری عوام کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو کیمیکل ہتھیاروں سے شہید کیا جا رہا ہے، اور یہ کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی خبریں عالمی میڈیا پر کم آتی ہیں، جبکہ اصل صورتحال بہت سنگین ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا کے سامنے کشمیری عوام کا حق اور حقوق پیش کیا جائے، کیونکہ انڈین فورسز معصوم کشمیریوں کو شہید کر رہی ہیں اور کشمیری خواتین اور خاندان ذہنی اذیت کا سامنا کر رہے ہیں۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ آر ایس ایس دہشت گردی کا ایک نیٹ ورک ہے اور یاسین ملک مسلسل اس کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اس تقریب کا مقصد انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیری عوام کے حقوق اور حالات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔