بھارت: حیدرآباد ایئرپورٹ پر بم دھمکیوں کا سلسلہ دوسرے ہفتے بھی جاری

بھارت: حیدرآباد ایئرپورٹ پر بم دھمکیوں کا سلسلہ دوسرے ہفتے بھی جاری

بھارتی شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مسلسل دوسرے ہفتے تین بین الاقوامی پروازوں میں بم ہونے کی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بم کی دھمکیوں کے باوجود ایئرپورٹ پر تمام طیارے محفوظ طریقے سے لینڈ ہوئے اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ دھمکی آمیز ای میلز میں نشانہ بننے والی پروازوں میں انڈیگو، لفتھانسا اور برٹش ایئرویز شامل تھیں۔ انڈیگو کی پرواز رات 10:50 پر، لفتھانسا کی تقریباً 2 بجے، اور برٹش ایئرویز کی صبح 5:30 پر حیدرآباد پہنچی۔ای میل موصول ہونے کے فوراً بعد ایئرپورٹ حکام نے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے، ایئرپورٹ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اور لینڈنگ کے بعد طیاروں کی مسافروں اور سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ایئرپورٹ کو تین بین الاقوامی پروازوں کے لیے اسی نوعیت کی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی تھیں، جن میں ایمریٹس اور انڈیگو کی مدینہ اور شارجہ سے آنے والی پروازیں شامل تھیں۔ اس دوران مدینہ سے آنے والی انڈیگو کی پرواز کو احمد آباد منتقل کر دیا گیا تھا۔ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ تازہ واقعات میں تمام مسافر محفوظ رہے اور ہر بار پروٹوکول کے مطابق کارروائی کی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بار بار موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میلز پر تحقیقات جاری ہیں۔