گووندا نے سلمان خان کو خود پر توجہ دینے کا مشورہ کیوں دیا؟

گووندا نے سلمان خان کو خود پر توجہ دینے کا مشورہ کیوں دیا؟

بالی ووڈ اداکار گووندا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’پارٹنر‘ کی شوٹنگ سے قبل انہوں نے سلمان خان کو زندگی کے مشکل دور سے نکلنے اور خود پر توجہ دینے کا مشورہ دیا تھا۔

گووندا نے بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق ’پارٹنر‘ کی شوٹنگ سے قبل سلمان خان کئی مشکلات سے گزر رہے تھے، جس کے باعث وہ ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار دکھائی دیتے تھے اور کافی خاموش رہنے لگے تھے۔گووندا نے بتایا کہ انہوں نے سلمان خان سے کہا تھا کہ وہ بہت زیادہ باہر کی چیزوں پر توجہ دے چکے ہیں، اب انہیں اپنے اندر جھانکنے کی ضرورت ہے۔ گووندا کے مطابق انہوں نے سلمان سے یہ بھی کہا کہ وہ ہیرو ہیں، لیکن اس وقت اداس اور پریشان نظر آ رہے ہیں۔اداکار کے مطابق سلمان خان نے ان سے پوچھا کہ انہیں کیا کرنا چاہیے، جس پر گووندا نے انہیں روزانہ دو سے تین گھنٹے ورزش کرنے کا مشورہ دیا تاکہ وہ اپنی توجہ خود پر مرکوز کرسکیں اور ذہنی طور پر بھی بہتر محسوس کریں۔

گووندا نے سلمان خان کی شخصیت اور اداکاری کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دھرمیندر کے بعد سلمان خان ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہیں قدرت نے بہترین شخصیت اور خاص کرشمہ عطا کیا ہے۔ انہوں نے پیش گوئی کی تھی کہ سلمان آنے والے برسوں میں فلم انڈسٹری پر راج کریں گے۔واضح رہے کہ فلم ’پارٹنر‘ 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں سلمان خان اور گووندا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ دونوں اداکاروں کی جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا اور فلم نے باکس آفس پر بھی کامیابی حاصل کی تھی۔