دفاعی معاہدہ، پنجاب پولیس کے دفاتر میں چراغاں

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کی خوشی میں صوبہ بھر میں تین روزہ تقریبات کا آغاز کردیا۔ تقریبات کے تسلسل میں سنٹرل پولیس آفس سمیت صوبہ بھر کے پولیس دفاتر کو خوبصورت برقی روشنیوں، قومی پرچموں اور خصوصی چراغاں سے سجا دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کے دفاتر پر چراغاں کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم بھی لہرائے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس اس سہ ملکی تاریخ ساز دفاعی معاہدے کی خوشیوں میں دیگر اداروں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ سلامتی، استحکام اور امن کے فروغ کی علامت ثابت ہوگا، جبکہ تینوں برادر ممالک کے مابین مضبوط دفاعی تعاون سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔