سہیل آفریدی پیپلز پارٹی کو اتحاد میں شرکت کی دعوت

پیپلزپارٹی اپوزیشن اتحاد میں آجائے توساتھ کام کرنے کو تیارہیں مارچ کو خود لیڈ کروں گا :سہیل آفریدی 
 پشاور(خصوصی رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی لانگ مارچ کا مقصد بانی کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی ہے، 27 ستمبر کی لانگ مارچ کوخود لیڈ کر وں گا، یہ ون ڈے ایونٹ نہیں ہوگا، اسلام آباد آکر واپس نہیں جائیں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا اعلان پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنمائوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے جبکہ علیمہ خان بھی تحریک میں ساتھ ہوں گی۔ انہوں نے لانگ مارچ کا مقصد واضح کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی کی لانگ مارچ کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی ہے، رہائی آئین و قانون کے مطابق ہوگی۔ لانگ مارچ کیلئے ڈیڑھ ماہ بعد کی تاریخ دینے کے سوال پر سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ موسم اور تیاری کیلئے مناسب وقت ملنے کی وجہ سے 27 ستمبر کی تاریخ دی گئی ہے۔ اس وقت ملک میں جو حالات ہیں وہ ماضی کے مقابلے میں بہت مختلف ہیں۔حکومت کے اتحادی آپس میں لڑ رہے ہیں، ہمارے نوجوان بھی پوری طرح تیار ہیں۔ پیپلزپارٹی اگر اپوزیشن اتحاد کا حصہ بن جائے توان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔لانگ مارچ میں شرکت کیلئے جے یوآئی ف سے بات ہورہی ہے۔ نئے صوبوں کے معاملے پر غور کرسکتے ہیں لیکن موجودہ حکومت کے پاس صوبے بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔