اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو ملنے والا بڑا ریلیف رواں ماہ ختم ہونے جا رہا ہے، جس کے بعد آئندہ ماہ سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخوں میں 1 روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی صورت میں دیا جانے والا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ریلیف اگست 2026 میں اپنی مدت پوری کر رہا ہے۔ یہ ریلیف جون 2026 سے نافذ تھا، جس کے تحت بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق ریلیف کی مدت ختم ہونے کے بعد اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ سے صارفین پر لاگو کیے جانے کا امکان ہے، جس سے بجلی کے بلوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔ درخواست میں صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ اضافہ تقریباً ایک روپے فی یونٹ بنتا ہے، تاہم بجلی کے نرخوں میں حتمی اضافے کا فیصلہ نیپرا کی جانب سے درخواست کا جائزہ لینے اور متعلقہ فریقین کا مؤقف سننے کے بعد کیا جائے گا۔بجلی کے موجودہ ریلیف کے خاتمے اور نئی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے نفاذ کی صورت میں ملک بھر کے صارفین، بالخصوص گھریلو صارفین، کے آئندہ ماہ کے بجلی کے بلوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔