اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات: امریکی وفد اپنی گاڑیاں استعمال کرے گا

اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات: امریکی وفد اپنی گاڑیاں استعمال کرے گا

اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایران اور امریکا کے اہم مذاکرات کے دوران امریکی وفد کی سیکیورٹی اور نقل و حرکت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکی وفد اسلام آباد میں اپنی نقل و حرکت کے لیے پاکستان کی فراہم کردہ گاڑیوں کے بجائے اپنی ہی خصوصی گاڑیاں استعمال کرے گا۔ ان گاڑیوں کو ایک خصوصی طیارے C-15 کے ذریعے پہلے ہی پاکستان پہنچا دیا گیا ہے۔یہ خصوصی انتظامات اس وقت کیے گئے جب امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کی ممکنہ آمد سے قبل امریکی وفد کے لیے سیکیورٹی اور پروٹوکول کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔مذاکرات کا سلسلہ اسلام آباد میں جاری ہے، جہاں ایران اور امریکا کے وفود توانائی، خطے کی سیکیورٹی اور باہمی کشیدگی میں کمی جیسے اہم امور پر بات چیت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ان مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس آج اور کل منعقد ہو رہے ہیں، جبکہ مذاکرات کا مرکزی اور فیصلہ کن مرحلہ ہفتے کے روز متوقع ہے۔میزبانی کے باعث پاکستان کی سفارتی سطح پر اہم کردار کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے، اور دونوں فریقین کی جانب سے بات چیت کو مثبت اور تعمیری قرار دینے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔