صوبہ کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹروبسوں کے چلانے کی منظوری وزیراعلیٰ کی جانب سے دے دی گئی

صوبہ کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹروبسوں کے چلانے کی منظوری وزیراعلیٰ کی جانب سے دے دی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ڈویژن اور ضلع کے بعد اب صوبے کی ہر تحصیل میں بھی الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس کا آغاز جنوری 2027ء سے ہوگا۔ منصوبے کے تحت صوبے کی 91 تحصیلوں میں مجموعی طور پر 1500 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ ہر تحصیل کے لیے مخصوص الیکٹروبس ڈپو کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔تحصیل الیکٹروبس سروس کے لیے الیکٹروبسوں کا پہلا بیچ جنوری 2027ء میں لاہور پہنچے گا، جبکہ وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹروبسوں کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی ہے۔پنجاب بھر میں جون 2027ء تک 3 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ستمبر 2027ء تک الیکٹروبس سروس کا پہلا فیز مکمل کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔منصوبے کے تحت ملتان کی 9 تحصیلوں کے لیے 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں کے لیے 87، ڈی جی خان کے لیے 63، جبکہ بہاولپور کی 11 تحصیلوں کے لیے 215 الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔اسی طرح فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 جبکہ سرگودھا کی 14 تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔

حکام کے مطابق مختلف اضلاع میں 612 الیکٹروبسیں مکمل طور پر آپریشنل ہیں، جن سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہورہے ہیں۔

 ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں چند روز میں فنکشنل ہوجائیں گی۔سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور اور مظفرگڑھ سمیت مختلف اضلاع کو مزید الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ راولپنڈی، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان، اٹک، اوکاڑہ، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ اور لیہ میں بھی مزید الیکٹروبسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی اضافی الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔دوسری جانب فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر بھی پیش رفت تیزی سے جاری ہے، جبکہ لاہور میٹروبس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔