حالات بہتر کرنے کیلئے سب کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا:بیرسٹر گوہر

پارلیمنٹ پہلے ہی متنازعہ آئینی ترامیم کرچکی ہے، مزید ترمیم سے وفاق کمزور ہوگا،افواج پاکستان میں کسی افسر کی تعیناتی ان کا اندرونی معاملہ ہے
 راولپنڈی( آن لائن )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ روڈ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  ہے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں نہ ہونے پر تشویش ہے، اسی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے ہیں۔ بانی کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک ملکی تاریخ میں کسی سیاسی قیدی کے ساتھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ  27 ستمبر کے احتجاج سے قبل کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہے، کیا عوام کے پاس پرامن احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے کا اختیار نہیں؟  ہم نے واضح کیا ہے کہ کسی کے ہاتھ میں لاٹھی یا غلیل نہیں ہوگی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر عدلیہ انصاف نہ دے اور پارلیمنٹ بات نہ سنے تو انصاف کے لیے کہاں جائیں؟ ۔انہوں نے کہا  سیاسی تناؤ اور چپقلش سے عوام اکتا چکی ہے، حالات بہتر کرنے کے لیے سب کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا‘ افواج پاکستان میں کسی افسر کی تعیناتی ان کا اندرونی معاملہ ہے، اسی طرح نیکٹا میں تعیناتی بھی متعلقہ ادارے کا اندرونی معاملہ ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی  کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈر سے بات کرنے میں پہل کرنی چاہیے