اسلام آباد: وفاقی جیل اسلام آباد کے ٹیسٹ رن اور اسے فعال بنانے کی تیاریوں کے سلسلے میں پنجاب کی تمام جیل ریجنز سے تربیت یافتہ اور تجربہ کار عملہ طلب کرلیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اہلکار نامزد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔مراسلے کے مطابق پنجاب کے ہر جیل ریجن سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل، چیف وارڈر اور ہیڈ وارڈر کا ایک، ایک اہلکار جبکہ وارڈرز کے سات اہلکار نامزد کرکے وفاقی جیل اسلام آباد بھیجے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد جیل کے ٹیسٹ رن کے لیے ضروری عملے کی دستیابی یقینی بنانا اور انتظامی امور کی تیاری مکمل کرنا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کی ہدایات کے مطابق وفاقی جیل میں تعیناتی کے لیے ایسے اہلکاروں کو ترجیح دی جائے گی جنہیں تقریباً 10 سالہ سروس کا تجربہ حاصل ہو۔ اس ضمن میں تمام جیل ریجنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اہلکاروں کے انتخاب میں تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت کو مدنظر رکھیں۔
مراسلے میں متعلقہ حکام سے نامزد اہلکاروں کے نام، سروس ریکارڈ اور دیگر ضروری کوائف فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے، تاکہ تعیناتی کے عمل کو مکمل کیا جاسکے۔وفاقی جیل اسلام آباد کے ٹیسٹ رن کے لیے عملے کی طلبی کو جیل کو فعال بنانے کی تیاریوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تجربہ کار عملے کی تعیناتی سے جیل کے انتظامی اور روزمرہ امور کو منظم انداز میں چلانے کے لیے مطلوبہ افرادی قوت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔