کراچی: بیمار ہتھنی مدھوبالا کے علاج کے لیے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی

کراچی: بیمار ہتھنی مدھوبالا کے علاج کے لیے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی

کراچی کے سفاری پارک میں بیمار ہتھنی مدھوبالا کے طبی معائنے اور علاج کے لیے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی ہے۔

ماہرین ہتھنی کی موجودہ طبی حالت کا جائزہ لینے کے ساتھ اس کے خون کے نمونے بھی حاصل کریں گے تاکہ بیماری کی نوعیت کو سمجھنے اور علاج کے حوالے سے آئندہ اقدامات کا تعین کرنے میں مدد مل سکے۔تفصیلات کے مطابق فورپاز کی ٹیم نے ڈاکٹر عامر خلیل کی سربراہی میں سفاری پارک کا دورہ کیا، جہاں سری لنکا سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر بدیکا بھی موجود ہیں۔ غیر ملکی ماہرین گزشتہ کئی ہفتوں سے آن لائن رابطوں کے ذریعے بھی مدھوبالا کے علاج اور دیکھ بھال کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ڈاکٹر عامر خلیل کے مطابق مدھوبالا کی صحت یابی کی امید موجود ہے، تاہم اس کے لیے بہتر علاج اور بھرپور نگہداشت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور غیر ملکی ماہرین مشترکہ طور پر ہتھنی کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس کی صحت میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ماضی میں ہونے والی غلطیوں پر بحث کرنے کے بجائے مدھوبالا کے موجودہ طبی مسائل کو سمجھنے اور اس کی مدد کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ہتھنی کی مکمل صحت یابی کے بارے میں فی الحال حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی، کیونکہ اس مرحلے پر علاج اور نگہداشت اولین ترجیح ہیں۔

ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا تھا کہ مدھوبالا کے خود کھڑے ہونے اور چلنے پھرنے کے قابل ہونے کے بعد ہی علاج کے اگلے مرحلے سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے گا۔ ان کے مطابق ہتھنی کی صحت بہتر بنانے کے لیے مسلسل طبی نگرانی اور خصوصی دیکھ بھال ضروری ہے۔ذرائع کے مطابق مدھوبالا گزشتہ سال سے مختلف بیماریوں کا شکار ہے اور مسلسل علالت کے باعث اس کی جسمانی حالت کافی خراب ہو چکی ہے۔ کمزوری کی وجہ سے وہ خود کھڑی ہونے سے بھی قاصر ہے، جبکہ گزشتہ ماہ سے اس کی طاقت بحال کرنے کے لیے ملٹی وٹامن ادویات دی جا رہی ہیں۔ڈاکٹر عامر خلیل نے بتایا کہ مدھوبالا کی بہن ملکہ بھی اس کا خیال رکھتی ہے اور دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق مدھوبالا کی حالت میں بہتری لانے کے لیے متعلقہ اداروں، مقامی عملے اور غیر ملکی ماہرین کو مل کر کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔

مدھوبالا کے علاج کے حوالے سے اب غیر ملکی ماہرین کے طبی معائنے اور خون کے نمونوں کے نتائج اہم ہوں گے، جن کی بنیاد پر اس کی موجودہ حالت اور علاج کے آئندہ مراحل کا تعین کیا جا سکے گا۔ فی الحال ماہرین کی توجہ ہتھنی کو طبی امداد فراہم کرنے اور اس کی حالت بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔