وفاقی وزیر تجارت سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات،دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سیکرٹری تجارت جواد پال اور وزارت تجارت کے سینئر حکام بھی شریک ہوئے، جس میں پاکستان اور برطانیہ نے آئندہ ٹریڈ ڈائیلاگ میں عملی نتائج کے حصول پر زور دیا، جبکہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی سرمایہ کاری شراکت داری کے فریم ورک پر بھی بات چیت کی گئی۔دونوں جانب سے صحت، آئی ٹی، زراعت، لائیو سٹاک، مالیاتی خدمات، ہوا بازی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جام کمال خان نے لائیو سٹاک کے شعبے میں برطانوی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور گوشت کی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔