شنگھائی ماسٹرز میں شدید گرمی کے بعد اے ٹی پی کا ہیٹ پالیسی متعارف کرانے پر غور

شنگھائی ماسٹرز میں شدید گرمی کے بعد اے ٹی پی کا ہیٹ پالیسی متعارف کرانے پر غور

ویب ڈیسک: شنگھائی ماسٹرز کے دوران شدید گرمی کے باعث متعدد کھلاڑیوں کی دستبرداری کے بعد اے ٹی پی نے باضابطہ ہیٹ پالیسی متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایونٹ کے دوران درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا جبکہ نمی کی سطح 80 فیصد سے زیادہ رہی، جس کے باعث کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ان حالات میں اطالوی اسٹار جینک سینر پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث میچ کے دوران ریٹائر ہوگئے، جبکہ نوواک جوکووچ کو دورانِ کھیل قے کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی دوران ولگر روئن نے سوال اٹھایا کہ “کیا آپ چاہتے ہیں کوئی کھلاڑی کورٹ پر مر جائے؟”

فی الحال سخت موسمی حالات میں میچ روکنے یا جاری رکھنے کا فیصلہ اے ٹی پی سپروائزر اور میڈیکل ٹیم کی مشاورت سے کیا جاتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں، ٹورنامنٹس کے منتظمین اور طبی ماہرین کے ساتھ مل کر مستقل ہیٹ ریگولیشن پر غور کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں کھلاڑیوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔