جرمنی کی معروف صنعتی و انجینئرنگ کمپنی پاکستان میں بڑی فیکٹری لگائے گی

 اسلام آباد(آئی این پی )جرمنی کی معروف صنعتی و انجینئرنگ کمپنی نے پاکستان میں بڑی فیکٹری لگانے کا اعلان کر دیا۔جرمن کمپنی (کے ایس بی)  کے ایک اعلی سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی، اس دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون، صنعتی شراکت داری اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران جرمن وفد نے اعلان کیا کہ KSB کمپنی پاکستان میں ایک بڑی فیکٹری لگانے جا رہی ہے جو ملک میں جرمنی کی سب سے بڑی براہ راست سرمایہ کاری ثابت ہوگی۔وفد نے کہا کہ جرمنی کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا تجربہ انتہائی مثبت رہا ہے اور کمپنی پاکستان کے صنعتی شعبے میں مزید مواقع تلاش کر رہی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ آبادی کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے  کے ایس بی سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جہاں کمپنیاں 10 سال تک تمام ٹیکسز سے مستثنی ہیں