بھارت میں 15 مقامات پر پاکستانی حملے کی خبر جھوٹ ، مودی سرکار ڈراما کر رہی ،
بھارتی ڈرون نے ننکانہ میں سکھوں کے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی کوشش کی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے بھارت کے 15 مقامات پر پاکستانی حملوں کی بھارتی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے، مودی سرکار اپنے فائدے کیلئے ڈراما کر رہی ہے، پاکستان حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائی دے گی،2019 میں ہم نے چائے پلائی تھی اب بھجوائی ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا امرتسر میں بھارتی فوج نے خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا، آدم پور سے پروجیکٹائل خود انہوں نے فائر کیے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے، بھارت کہتا ہے پاکستان نے اس پر میزائل داغے، جہاں یہ میزائل گرے وہاں خشک گھاس پڑی ہے، کم از کم اس میں آگ ہی لگا دیتے،کوئی بھی میزائل جب چلایا جاتا ہے تو وہ اپنے ڈیجیٹل نشانات چھوڑتا ہے، اگر 15 مقامات پر حملہ کیا جاتا تو اس کے شواہد ضرور ہوتے۔انہوں نے کہا آدم پور سے 4 میزائل فائر ہوئے ان میں سے ایک پروجیکٹائل (میزائل)انہوں نے خود امرتسر میں گرایا، باقی 2 بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہوئے ان میں سے ایک کو ڈنگہ میں مار گرایا گیا جس کا فرانزک کیا جارہا ہے۔بھارتی میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز چلائی جارہی ہیں، امرتسر میں بھارتی تنصیبات کو بھارتی میزائلوں نے ہی نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ مشرقی سرحد پر ہماری گہری نظر ہے اور ہر متحرک شے کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور اسے گرایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ شب اس طرح کے 3 میزائل بھارت نے خود اپنی حدود میں امرتسر میں گرائے۔انہوں نے کہا آخر کب بھارت اپنے سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آئیگا؟ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کر رہا ہے، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارت کیاسرائیلی ساختہ 29 ڈرونز گرائے گئے جن میں سے صرف ایک اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا جس میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا، ڈرون حملوں میں 3 معصوم شہریوں کی شہادتیں ہوئیں، 4 جوان زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا بھارت ڈراموں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی اس بار ہم نے چائے وہاں بھجوائی۔ترجمان پاک فوج نے کہا پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق ہی کی فتح ہوگی، پاکستانی عوام مطمئن رہیں بھارت یہاں بے چینی پھیلانا چاہتا ہے، ہم چوکس ہیں کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا ہم ایمان کی قوت سے اتنے عرصے سے فتنہ الخوارج اور دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں، اس فوج کے پیچھے اس کے عوام کھڑے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا یہ دشمن فوجی یا شہری کی تمیز نہیں کرتا، اگر ان کا اتنا ہی سسٹم شاندار ہے تو 6 مئی کی رات کو دکھاتے، 5 جہاز آپ کے کیسے گر گئے؟ آپ کو پتا تھا جواب آئے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی ڈرونز کا ملبہ ہم نے مختلف جگہوں سے اٹھایا، بھارتی جنگی جہازوں کا ملبہ خود بھارت نے اٹھایا۔انہوں نے کہا ایک بھارتی ڈرون کا رْخ ننکانہ صاحب کی طرف تھا، بھارت ایسا کیوں کر رہا ہے؟ وہ سمجھ نہیں سکتے یہاں لوگ ان پر ہنس رہے ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جو یکسر ناقابل قبول ہے، ہم نے یہ ڈرون بھی مار گرایا، سوال یہ ہے بھارت مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے؟