ایران سے کشیدگی: اسرائیل میں زخمیوں کی تعداد 1900 سے بڑھ گئی

ایران سے کشیدگی: اسرائیل میں زخمیوں کی تعداد 1900 سے بڑھ گئی

اسرائیل کی وزارت صحت کے مطابق ایران کے ساتھ کشیدگی کے بعد ملک بھر میں زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 1900 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 157 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اسرائیلی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ 28 فروری کو ایران پر حملے کے بعد سے ایرانی فوج اور حزب اللہ کے حملوں میں اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارت کے مطابق زخمیوں میں سے 112 افراد اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ادھر اسرائیلی ریسکیو سروسز کا کہنا ہے کہ تل ابیب پر ایران کے تازہ میزائل حملے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی پولیس حکام کے مطابق وسطی اسرائیل میں ایک درجن سے زائد مقامات پر میزائل یا اس کے ٹکڑے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر ہونے والے اثرات سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر ایرانی بیلسٹک میزائل میں کلسٹر بم وارہیڈ نصب تھا۔دوسری جانب جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سارجنٹ فرسٹ کلاس ماہر خطار شامل ہیں جبکہ دوسرے فوجی کا نام بعد میں جاری کیا جائے گا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق دونوں فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی چوکی کے قریب پیش آیا جو اسرائیلی سرحدی بستی منارا کے سامنے واقع ہے۔ابتدائی فوجی تحقیقات کے مطابق علاقے میں کارروائی کے دوران ایک پیوما بکتر بند گاڑی کو نکالنے کے لیے فوج نے ایک اور پیوما بکتر بند گاڑی اور دو ڈی-9 بکتر بند بلڈوزر بھیجے۔ فوج کا کہنا ہے کہ بلڈوزروں میں سے ایک کو ایک گولہ لگا جو ممکنہ طور پر اینٹی ٹینک میزائل یا مارٹر تھا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور دونوں فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک افسر معمولی زخمی بھی ہوا۔