وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تعلیم اور تربیت ایک صحت مند، پائیدار اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔
اسلام آباد میں "اڑان سمر اسکالر شپ پروگرام" کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق کے فروغ سے ہی پاکستان پائیدار ترقی حاصل کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی ترقی کے بغیر کوئی قوم کامیاب نہیں ہو سکتی۔احسن اقبال نے اس موقع پر قومی ترقی میں پالیسیوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر پالیسیاں مسلسل جاری رہیں تو پاکستان جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی صرف ایک حکومت کے دور سے نہیں بلکہ طویل مدتی منصوبہ بندی سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب بھی نواز شریف حکومت میں آئے، پاکستان نے معاشی اور ترقیاتی میدان میں اہم پیشرفت کی۔ "ن لیگ کے ادوار میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہوئے اور ملک کی سمت درست رہی،" احسن اقبال نے کہا۔تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبا، اساتذہ اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی، جہاں اسکالرشپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، تربیت اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔