آئی سی سی ڈپٹی چیئرمین کی محسن نقوی سے ملاقات، یو اے ای نے بھی بائیکاٹ پر نظر ثانی کی درخواست کردی
خواجہ عمران اور امین الاسلام قذافی سٹیڈیم میں محسن نقوی سے ملے ،پاکستان نے کڑی شرائط رکھ دیں
صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی چیئرمین پی سی بی سے ون آن ون ملاقات ،پاکستانی حمایت کاشکریہ اداکیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ٹی 20ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کیلئے آئی سی سی کی پاکستان کو منانے کی کوشش بدستور جاری ہیں جبکہ یو اے ای نے بھی پاکستان سے بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین خواجہ عمران نے ملاقات کی ، پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں ہونیوالے مذاکرات میں بنگلہ دیش کرکٹ کے صدر امین الاسلام بھی شریک ہوئے ، تینوں پارٹیوں کے مذاکرات رات 9 بجے تک مکمل ہونے تھے، جن کا وقت مزید بڑھا دیا گیا۔ ملاقات کا ایجنڈا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف رائونڈ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے،پاکستان نے بنگلہ دیش سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ورلڈکپ میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے آمادگی کیلئے کڑی شرائط رکھ دیں ،جس میں بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ نہ کھیلنے پر ہونیوالے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے مالی معاونت اور آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کا مطالبہ شامل ہیں۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام قذافی سٹیڈیم پہنچے اور محسن نقوی سے ملاقات کی اور ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت میں نہ کھیلنے کے معاملے پر بنگلہ دیش کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کرتے ہوئے کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلہ کرنے کی سفارش کی ۔واضح رہے کہ سری لنکا بھی پی سی بی کو ایک خط ذریعے بھارت کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کرچکاہے۔سری لنکا کرکٹ کے بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی قسم کی عدم شرکت کے دور رس اثرات ہونگے ، جن میں سری لنکا کرکٹ کو نمایاں مالی نقصان اور متوقع سیاحتی آمدن میں کمی شامل ہے، میچ کے ٹکٹس کی فروخت سمیت میزبانی کی تمام تیاریاں مکمل کی ہیں۔