ویب ڈیسک: امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، معاون خصوصی عطا اللّٰہ تارڑ، مرکزی رہنما لیاقت بلوچ اور دیگر شخصیات شریک تھیں۔وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم پر بین الاقوامی قوتوں کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کے خلاف ہر بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف فلسطینیوں کی حمایت میں واضح ہے اور ہم ان کے حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومتی ٹیم توانائی کے شعبے میں طویل مدتی اصلاحات لانے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔ ان اصلاحات کا مقصد عوام کی زندگی کو مزید آسان بنانا ہے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی گئی ہے، اور مشکلات کے باوجود یہ مشن جاری رہے گا تاکہ پاکستان کی ترقی کا سفر بلا رکاوٹ جاری رہے۔