پی ٹی آئی سے کہیں زیادہ اختلافات شریف خاندان میں ہیں: بیرسٹر سیف

پیپلز پارٹی کو بھی بھٹو کے اصل وارث کی فکر کرنی چاہیے، پی ٹی آئی اختلافات محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے 
 پشاور(آئی این پی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مخالفین پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کرکے خوش فہمی میں مبتلا نہ ہوں، پی ٹی آئی میں جتنے اختلافات ہیں، اس سے کہیں زیادہ تو صرف شریف خاندان کے اندر ہر وقت پائے جاتے ہیں، شریف خاندان میں اقتدار کے حصول کی جنگ ہر وقت جاری رہتی ہے۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو بھی بھٹو کے اصل وارث کی فکر کرنی چاہیے، بلاوجہ بھٹو کی جگہ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی شکل میں اصلی بھٹو سامنے آیا ہے، بھٹو کے اصلی وارث سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی حواس باختہ ہوچکی ہے۔پی ٹی آئی میں معمولی اختلافات کو بڑھا کر پیش کرنا محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے۔انہوں نے کہا بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے پاکستان تحریک انصاف مکمل طور پر متحد ہے،کارکنان سے مرکزی و صوبائی قیادت تک سب بانی چیئر مین کی رہائی کے لیے یک زبان ہیں، بانی چیئر مین پر قائم تمام جعلی مقدمات جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، وہ دن دور نہیں جب بانی چیئر مین ایک بار پھر عوام کے درمیان ہوں گے۔