درآمدی گیس کی قیمت 7 ہزار 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ گئی
لاہور( کرائم رپورٹر)سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے ایل این جی پر مبنی گھریلو گیس کنکشن استعمال کرنے والے صارفین کو بھاری بل موصول ہونے لگے ہیں جس سے ہزاروں گھرانوں کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گزشتہ ماہ درآمدی گیس کی قیمت 7 ہزار 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ گئی، جس کے تحت ایل این جی بنیاد پر فراہم کیے گئے گھریلو کنکشنز کی بلنگ کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے سے قبل ایسے صارفین کو تقریباً 3 ہزار 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے گیس فراہم کی جا رہی تھی، تاہم قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد ان کے گیس بلوں میں بھی کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ذرائع کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھا پیدا ہوا۔ قیمتوں میں مسلسل عدم استحکام کے باوجود گزشتہ ماہ کی مقررہ قیمت کو بنیاد بنا کر صارفین کے بل تیار کیے گئے، جس سے گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ منتقل ہوگیا۔