پاکستانی کھلاڑیوں کو نتائج حاصل کرنے کیلئے محنت کی ضرورت ہے‘ عرفان اصغر

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سکواش فیڈریشن کے ڈائریکٹر اکیڈمی گروپ کیپٹن ریٹائرڈ عرفان اصغر نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر رزلٹ حاصل کرنے کے لئے بھرپور محنت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے سہولیات فراہم کرنے اور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ایشین گیمز میں سکواش کے کھیل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عرفان اصغر نے کہا کہ جاپان میں کھیلی گئی ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دیکھاکر ایک چاندی اور دو کانسی کے تمغے حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے سکواش کے میدان میں دنیا پر حکمرانی کر رکھی تھی اور اب بھی کھلاڑی سچ دل سے محنت کریں تو دنیا بھر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔