پیپلزپارٹی ن لیگ میں کشیدگی بڑھنے لگی ،محسن نقوی آج وزیراعظم سے ملیں گے ، صدر کا پیغام پہنچائیں گے
کراچی،اسلام آباد،لاہور ( خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے درمیان بڑھتی سیاسی کشیدگی کم کرنے کیلئے بیک ڈور رابطوں میں تیزی آگئی، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی مصالحت کیلئے متحرک ہو گئے، گزشتہ روز صدرِ مملکت آصف علی زرداری سیبلاول ہائوس کراچی میں ملاقات، آج وزیراعظم شہبازشریف سے ملیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کیدرمیان بڑھتی سیاسی کشیدگی کم کرنے کیلئے دونوں جماعتوں کے سرکردہ رہنمائوں کے درمیان رابطے بحال ہو گئے ہیں جبکہ اختلافات کے خاتمے کیلئے پسِ پردہ کوششیں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے پارٹی رہنمائوں اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نیبلاول ہائوس کراچی میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً سندھ و پنجاب حکومت کے درمیان پائے جانے والے تنائو پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرمملکت کو ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور مختلف صوبوں کے درمیان رابطوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب کی نگران حکومت کے بعد پیدا سیاسی خفگی، بعض بیانات اور انتظامی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔صدر آصف علی زرداری نے وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی سطح پر ہم آہنگی بڑھانیاورموجودہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لئے فعال کردار ادا کریں۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے پنجاب حکومت کے بیانات اور حکومتی ترجمان کے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ، صدر مملکت نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو بھی حالیہ صورتحال میں محتاط گفتگو کا مشورہ دیا ۔ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے وفاقی وزیرِ داخلہ نے اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مئوثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی وزیراعظم شہباز شریف سے آج (بدھ کو)اہم ملاقات کریں گے، جس میں مریم نواز کے حالیہ بیانات اور پنجاب حکومت کے موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وزیر اعظم کو ملاقات میں صدر مملکت آصف زرداری کا پیغام دیں گے ،صدر آصف علی زرداری نے وزیرداخلہ محسن نقوی کو کراچی بلایا تھا اورٹاسک دیا تھا کہ وہ وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان حالیہ تنائو میں کمی پر بات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان جاری ’’مکالمے کی جنگ‘‘ کو ختم کرنے کیلئے مذاکراتی ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے رواں ہفتے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی اہم ملاقات بھی متوقع ہے۔