کرپشن نے صوبے کے اداروں، معاشرتی ڈھانچے اور نوجوانوں کے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے :وزیراعلی کا تقریب سے خطاب
کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کبلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان یا نام نہاد شورش نہیں بلکہ کرپشن ہے جس نے اس صوبے کے اداروں، معاشرتی ڈھانچے اور نوجوانوں کے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے امن و امان کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہماری سیکیورٹی فورسز بھرپور پیشہ ورانہ استعداد رکھتی ہیں، مرکزی مسئلہ کرپشن کا ہے کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی، انصاف اور بہتر طرزِ حکمرانی ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو انسدادِ کرپشن ڈے کے موقع پر بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں بین الیونیورسٹیز اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ، ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نعمان اسلم، وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے بھی خطاب کیا وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی بار یوتھ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے نوجوان ہمارا مسقتبل ہیں ، آپ نے اس پاکستان کو لیکر آگے لیکر جانا ہے آپ نے وطن عزیز کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہے آپ نے ریاست سے دور نہیں ہونا ، نوکری ، مسئلے مسائل اور حکومت سے ناراضگی ہوسکتی ہے اور یہ مسائل پورے پاکستان میں درپیش ہیں لیکن ریاست نے کوئی گناہ نہیں کیا ریاست سے خلیج کسی صورت ٹھیک نہیں