پارلیمنٹ ہائوس کے اندر ویڈیو بنانے پر پابندی کا فیصلہ

سپیکر کا بغیر رضا مندی ارکان اسمبلی کے انٹرویو کرنے پر پابندی کا فیصلہ 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے رضامندی کے بغیر انٹرویو اورتاثرات ریکارڈ کرنے والے پارلیمنٹری رپورٹر پر پابندی کا فیصلہ کر لیا۔سپیکر کو بتایا گیا کہ پچھلے اجلاس کے دوران یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ بعض صحافی حضرات پارلیمنٹ کی راہداریوں میں اراکین کو روک کر ان کی رضامندی کے بغیر انٹرویو/تاثرات ریکارڈ کرتے ہیں اور بعدازاں ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ اس عمل پر اراکین پارلیمنٹ نے شدید تحفظات اور برہمی کا اظہار کیا اورمعاملے کو سپیکر قومی اسمبلی کے نوٹس میں لایا ہے۔اس ضمن میں پارلیمنٹ ہائوس کے اندر کسی بھی قسم کی ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے موبائل فون ضبط، ان کے پریس گیلری کارڈ منسوخ اور پارلیمنٹ ہائوس میں داخلے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ تمام پارلیمنٹری رپورٹر سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کیلئے پارلیمنٹ ہائوس کے اندر کسی بھی قسم کی ویڈیو بنانے سے گریز کریں۔