دھواں چھوڑنے والے جنریٹرز چلانے پر پابندی عائد

گرین لاک ڈائون کے علاقوں سے تجاوزات کوہٹایا جائے تاکہ ٹریفک سے آلودگی نہ ہو:ہائیکورٹ
لاہور(کورٹ رپورٹر )  لاہور ہائیکورٹ نے گرین لاک ڈائون کے علاقوں میں دھواں چھوڑنے والے جنریٹرز چلانے پر پابندی عائد کردی۔ عدالت نے کمرشل جنریٹرزمیں آلودگی کنٹرول کرنے والا آلہ آئندہ سات روز میں نصب کرنے کا بھی حکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے تحریری حکم میں قرار دیا کہ ہاٹ سپاٹ ایریاز سے تجاوزات کوہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کے بہا ئوسے آلودگی نہ بنے‘عدالت نے لکھا کہ ڈی جی ماحولیات کے اقدامات سے بھی ماحولیاتی تبدیلیوں پر فرق پیدا ہوگا ۔ ایل ڈی اے کے وکیل نے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش سے متعلق انکوائری رپورٹ پیش کی ڈی جی ایل ڈی اے اس رپورٹ پر عملدرآمد کرائے۔ عدالت نے  آج جمعہ تک سماعت ملتوی کردی۔