ملزم امیرعرف میرو اورساتھی نے نشے کی معمولی رقم پرابراہیم کے دل پرچاقوسے وار کیا، زخمی ہسپتال لے جاتے دم توڑ گیا
ملزم کا ساتھی غلام خان اورمرکزی ملزم امیرعرف میرو اپنی فیملی کے ہمراہ پشاور فرار ہو گئے تھے،لاہورواپسی پردھرلیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)بادامی باغ میں صرف 6 ہزار روپے کی خاطر شہری کو قتل کردیا گیا ،پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق بادامی باغ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صرف 6 ہزار روپے کیلئے شہری کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے نشہ کی معمولی رقم پر شہری کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا تھا۔چاقو سے سیدھا دل پر وار کیا گیا تھاجس پرہسپتال منتقل کرنے کے دوران شہری ابراہیم دم توڑ گیا۔بعد ازاں ڈی ایس پی شفیق آباد کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری ٹیم تشکیل دی گئی، تاہم اس دوران ملزمان شہری کو قتل کرکے موقع سے فرار ہو گئے۔ملزمان قتل کرنے کے بعد پہلے قبرستان میں چھپے، رات فٹ پاتھ پر گزاری جبکہ پولیس ان کا پیچھا کرتی رہی۔ ملزمان پولیس کو چکمہ دینے کے لیے اپنی لوکیشن بدلتے رہے۔ ملزم کا ساتھی اورمرکزی ملزم امیرعرف میرو اپنی فیملی کے ہمراہ پشاور فرار ہو گئے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاہور واپسی پر پولیس نے دونوں ملزمان کو دھر لیا۔جن میں امیر اللہ عرف میرو اور غلام خان شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔