لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور اور دیگر شہروں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 10 مئی تک جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ان بارشوں سے شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کی شدت میں کمی آئے گی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کنٹرول روم میں بارشوں کی صورتحال کی مسلسل 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں اور آسمانی بجلی سے بچنے کے لیے کھلی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔