گوجرانوالہ میں بھارتی ڈرون طیاروں کے گرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں دو ڈرون طیاروں کا ملبہ برآمد ہوا ہے، جن میں سے ایک ڈرون بھاری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ، نوید احمد نے اس واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی ڈرون حملہ گزشتہ رات 3 بج کر 44 منٹ پر کیا گیا۔ ڈرون کا ملبہ پیرو چک اور سو لکھن کے کھیتوں کے درمیان میں پڑا ہوا ملا، اور یہ ایک بڑا ہتھیار لے جانے والا ڈرون تھا، جسے پاک فوج نے کامیابی سے مار گرایا۔نوید احمد نے مزید بتایا کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب گوجرانوالہ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ایک اور بھارتی ڈرون کا ملبہ مل گیا ہے، جو سیالکوٹ کی طرف سے آیا تھا اور گوجرانوالہ میں نشانہ بنایا گیا۔ اس ڈرون کا ملبہ نواحی گاؤں ٹوکریاں کے قریب کھیتوں میں موجود ہے۔