اسلام آباد (ویب ڈیسک): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بےبنیاد الزامات عائد کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔
عرب میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگائے ہیں، جو کہ غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم کرنا ایک خواب ہی رہ جائے گا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر معتبر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہے اور بھارتی فوج نے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا، جو کہ عالمی قوانین کے خلاف ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی بھی خودمختار ملک کے لیے ایسی صورتحال میں جواب دینا ضروری ہے۔